بھٹکل ، 20/ جون (ایس او نیوز) کپڑا بینک کی طرز پر بھٹکل میں بک بینک کے ذریعے عوام کو فری کتابیں تقسیم کرنے کا کام گذشتہ آٹھ سالوں سے جاری ہے، جس کے تحت طلبہ اپنا تعلیمی سال مکمل کرکے اپنی کتابیں اس بینک میں جمع کراتے ہیں اور اگلے تعلیمی سال کی کتابیں یہاں سے حاصل کرتے ہیں۔ اس سال بھی سینکڑوں طلبہ و طالبات نے یہاں سے اپنے لئے کتابیں حاصل کیں اور ہزاروں روپیوں کا بچت کرنے میں کامیاب رہے۔
ادارہ کے کرتا دھرتا مولوی عبدالمنعم کوبٹے ندوی نے بتایا کہ بک بینک ادارہ ہیل ہیومینٹی سروس المعروف کپڑا بینک کا ایک اہم شعبہ ہے اس مرتبہ بھی بک بینک بھٹکل نے درسی کتابوں کے ذریعے بھٹکلی عوام کے لئے بہت زیادہ سہولت مہیا کی ہے۔ مگر اس مرتبہ عوام نے اس خدمت کا گذشتہ کئی سالوں کے مقابلے میں بہت زیادہ فائدہ اٹھایا ہے۔
دیگر شہروں کی طرح بھٹکل میں بھی تعلیم ہرسال مہنگی ہوتی جارہی ہے، وہ طلبہ جو اسکول فیس کے معاملے سے ہی پریشان تھے ایسے میں نئی کتابوں کا خریدنا مزید ان پر بوجھ ہورہاتھا لیکن جب بک بینک کے ذریعے کتابیں آسانی سے مفت حاصل ہوئیں تو عوام اس کار خیر پر بہت زیادہ خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔
بک بینک سےایل کےجی/12ویں/ انجینئرنگ/ یم بی اے/سی اے /ای اے یس تک کے طلبہ نے بھی کتابوں سے استفادہ کیا ہے۔ بک بینک کی اس کوشش سے عوام کو لاکھوں روپیوں کا مالی تعاون حاصل ہوا ہے۔
واضح رہے کہ کپڑا بینک کی طرح بک بینک بھٹکل بھی پچھلے آٹھ سالوں سے اپنی خاموش خدمت انجام دے رہا ہےواقعتا ان کا یہ کام بھی قابل تعریف ہے۔ بک بینک میں سال بھر کتابیں دے بھی سکتے ہیں اور لے بھی سکتے ہیں. یہاں درسی وغیردرسی اور اسلامک لٹریچر وغیرہ ہر قسم کی کتابیں ملتی ہیں اور یہاں کی خصوصیت یہ ہے کہ اکثر نایاب کتابیں جو ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتی یہاں مل جاتی ہیں۔ مولوی عبدالمنعم نے بتایا کہ قرآن کے علاوہ ہرقسم کی کاپیاں اور پیپر س بھی یہاں آپ جمع کراسکتے ہیں، تاکہ دوسرے طلبہ ان سے مسفید ہوسکیں۔ انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی ہے کہ اپنے گھروں میں اگر درسی یا غیر درسی کتابیں آپ کے کام کی نہیں ہیں تو اسے ہمارے بک بینک میں جمع کرائیں اور اس کارخیر میں حصہ لے کر ثواب دارین حاصل کرنے میں شامل ہوجائیں۔
ادارہ کا پتہ: (کپڑا بینک) گڈلک روڈ فرسٹ کراس،پرانا شفا اسپتال،بھٹکل
916363936336+
اوقات: صبح9سے دوپہر 2بجے تک، پھر عصر سے مغرب اذان تک۔